حج پروازوں کا شیڈول جاری ،پہلی حج پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی

0

اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026 کے لیے پروازوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پہلی حج پرواز 18

اپریل کو پاکستان سے روانہ ہوگی۔
وزارت کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 468 پروازوں کے ذریعے عازمینِ حج کو حجاز مقدس منتقل کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں 18 اپریل کو کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے پروازیں روانہ ہوں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس سال سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار پاکستانی عازمین کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ پہنچایا جائے گا، جن میں 67 ہزار 230 مرد اور 51 ہزار 846 خواتین شامل ہیں۔

حج فلائٹ آپریشن کے پہلے روز چار پروازوں کے ذریعے عازمین کو مدینہ منورہ منتقل کیا جائے گا، جبکہ جدہ کے لیے پروازوں کا آغاز 4 مئی سے ہوگا۔ مدینہ منورہ کے لیے پہلی طویل دورانیے کی پرواز 7 مئی کو روانہ ہوگی۔

شیڈول کے مطابق پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی، جبکہ عازمین کو سعودی عرب پہنچانے کا مکمل آپریشن 34 روز تک جاری رہے گا۔ ابتدائی 15 دنوں کے دوران عازمین کو مدینہ منورہ منتقل کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ کے لیے 186 جبکہ جدہ کے لیے 282 پروازیں چلائی جائیں گی۔ حج آپریشن میں پی آئی اے، ائیر بلیو، ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی حصہ لے رہی ہیں۔

پاکستان کے آٹھ بڑے شہروں سے حج پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جن میں اسلام آباد سے 129، کراچی سے 124، لاہور سے 104، کوئٹہ سے 18، ملتان سے 34، سیالکوٹ سے 26، فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے 5 پروازیں شامل ہیں۔

حج پروازوں کے اس شیڈول کے اجرا کے بعد عازمینِ حج کی تیاریوں میں تیزی آنے کا امکان ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.