وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی قیادت سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا اور موجودہ بحران میں سعودی عرب کے غیر معمولی تحمل کو سراہا۔

وزیراعظم نے محمد بن سلمان سے گفتگو کے دوران سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عوام کو عید الفطر کی دلی مبارکباد دی، جس کا جواب دیتے ہوئے سعودی ولی عہد نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا اور مشکل وقت میں مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔

وزیراعظم نے فوری جنگ بندی اور صورتحال کو معمول پر لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کی اہمیت اجاگر کی۔

انہوں نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کی جانب سے مختلف فریقین سے جاری سفارتی رابطوں سے بھی آگاہ کیا، جن کا مقصد کشیدگی میں کمی اور مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنا ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور ہر سطح پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.