یومِ پاکستان: لاہور میں باوقار پرچم کشائی، وزیراعظم کی شرکت
لاہور: یومِ پاکستان کے موقع پر مرکزی پرچم کشائی کی تقریب لاہور میں نہایت سادگی اور وقار کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور قومی پرچم لہرایا۔
تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی شریک تھے۔ اس موقع پر قومی یکجہتی، ترقی اور استحکام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

حکومت کی جانب سے رواں برس کفایت شعاری اور توانائی کے مؤثر استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے 23 مارچ کی روایتی فوجی پریڈ اور بڑی تقریبات منسوخ کر دی گئی تھیں، جبکہ تمام سرکاری اداروں کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ یومِ پاکستان محدود پیمانے پر منایا جائے۔
اسی سلسلے میں قومی اعزازات دینے کی سالانہ تقریب بھی مؤخر کر دی گئی ہے، جو اب 28 اپریل 2026 کو منعقد ہوگی۔
وزیراعظم نے بیرونِ ملک پاکستانی سفارتخانوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ یومِ پاکستان کی تقریبات سادگی سے منائی جائیں تاکہ وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔