سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین فیول کے استعمال پر پابندی عائد

0

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیٹرولیم لیوی میں اضافے کے فیصلے کے تسلسل میں ایک اور اہم اقدام کرتے ہوئے سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین ایندھن کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق اس پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور کسی بھی سرکاری خرچ پر ہائی اوکٹین کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ تاہم اگر کسی محکمے کی گاڑی میں ہائی اوکٹین ایندھن کا استعمال ناگزیر ہو تو متعلقہ فرد اسے اپنی ذاتی جیب سے برداشت کرے گا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ اس فیصلے کا مقصد قومی وسائل کا مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے تمام وفاقی وزارتوں، محکموں، اتھارٹیز اور ذیلی اداروں کو ہدایت کی کہ فیصلے پر فوری اور مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کر چکی ہے جبکہ 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ بھی کیا جا چکا ہے۔ حکومتی اقدامات کے تحت حاصل ہونے والی بچت کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور سستے ایندھن کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے حکومتی اخراجات کم ہوں گے اور عوامی وسائل کا بہتر استعمال ممکن بنایا جا سکے گا۔

مزید برآں وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس فیصلے پر عملدرآمد کی مؤثر نگرانی کے لیے نظام وضع کیا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.