پاکستان میں فائیو جی سروسز کا آغاز، تین ٹیلی کام کمپنیوں کو لائسنس جاری

0

پاکستان میں جدید انٹرنیٹ سروسز فائیو جی کے باقاعدہ آغاز کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تین بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو فائیو جی سپیکٹرم لائسنس جاری کر دیے ہیں۔

فائیو جی سپیکٹرم لائسنسوں کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کامیاب نیلامی پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، ان کی ٹیم اور لائسنس حاصل کرنے والے آپریٹرز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کا فروغ صنعت، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں ترقی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ملک بھر میں جدید ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی مکمل شفاف انداز میں کی گئی۔

انہوں نے قانونی چیلنجز کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا، جبکہ ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون کو بھی اہم قرار دیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ کمپنیاں ملک کے کونے کونے تک فائیو جی سروسز پہنچائیں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ کامیابی وزیراعظم کی قیادت میں ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ فائیو جی سروس متعارف کروائی جا رہی ہے اور ساتھ ہی فور جی سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے بتایا کہ پاکستان میں موبائل فون ٹیکنالوجی کا آغاز 1990 کی دہائی میں ہوا، جبکہ 2004 سے 2025 کے دوران سپیکٹرم کی چار نیلامیاں ہو چکی ہیں۔

ان کے مطابق حالیہ نیلامی شفاف انداز میں مکمل ہوئی اور پاکستان خطے میں سپیکٹرم استعداد کے لحاظ سے نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔

تقریب کے دوران پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز جاز، یوفون اور زونگ کے درمیان فائیو جی سپیکٹرم لائسنس کے معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔

لائسنس کے اجرا کے بعد یہ کمپنیاں ملک میں باقاعدہ طور پر فائیو جی سروسز کا آغاز کر سکیں گی، جس سے صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ، بہتر ڈیجیٹل سہولیات اور جدید آن لائن خدمات میسر آئیں گی، جبکہ ڈیجیٹل معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.