شہباز شریف کی مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا سپریم لیڈر بننے پر مبارکباد،علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کو اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کو اس اہم ذمہ داری کے سنبھالنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی جانب سے آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر اہل خانہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دلی تعزیت اور دعاؤں کا اعادہ کرتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اس مشکل گھڑی میں ایرانی عوام اور قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای اپنی قیادت میں ایران کو آنے والے برسوں میں امن، استحکام اور خوشحالی کی جانب گامزن کریں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔