اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا رابطہ، خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور
اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ سمیت وسیع تر خطے میں جاری کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر گفتگو کی۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی میں فوری کمی ناگزیر ہے۔
چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی تعمیری اور مثبت کوششوں کو سراہا اور کہا کہ مسائل کے حل کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری ہی مؤثر راستہ ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں کے مطابق تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتی ذرائع کو فروغ دیا جانا چاہیے۔
اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم میں قائم رہنے والی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کی مضبوطی کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں ممالک نے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔