کفایت شعاری اور توانائی بچت کیلئے حکومت کا بڑا فیصلہ، ہفتہ وار اضافی چھٹی جمعہ کو دینے کا اعلان

0

اسلام آباد: حکومت نے کفایت شعاری اور توانائی کے استعمال میں کمی لانے کیلئے ہفتہ وار اضافی چھٹی جمعہ کے روز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو توانائی بچت اور ورک فورس مینجمنٹ سے متعلق روزانہ اور ہفتہ وار رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں کفایت شعاری اور توانائی بچت اقدامات کے نفاذ کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی سمیت اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ توانائی بچت اور اخراجات میں کمی کے مقصد سے ہفتہ وار اضافی تعطیل جمعہ کے روز دی جائے گی۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عالمی حالات کے باوجود ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ کفایت شعاری اور توانائی بچت اقدامات کے مؤثر نفاذ کیلئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کفایت شعاری اقدامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جائے تاکہ ان کے نتائج اور اثرات کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔ وزیراعظم نے تمام وزارتوں اور سرکاری اداروں کو سادگی، کفایت شعاری اور توانائی بچت اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ کفایت شعاری پالیسی کے تحت بند کی جانے والی سرکاری گاڑیوں کی تصاویر تمام وزارتیں اور ادارے کابینہ ڈویژن کو بھجوائیں گے۔

مزید برآں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ورک فرام ہوم نظام کو مؤثر بنانے کیلئے ہر وزارت اپنی تفصیلی رپورٹ وزیراعظم آفس کو ارسال کرے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام وفاقی وزارتیں اور ڈویژنز توانائی بچت اقدامات اور ورک فورس مینجمنٹ سے متعلق روزانہ اور ہفتہ وار رپورٹس متعلقہ کمیٹی کو جمع کرائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.