خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کے وژن کا حصہ ہے،شہباز شریف

0

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر پاکستان کی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری مائیں، بیٹیاں، بہنیں اور بیویاں ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ آج ہم خواتین کی قوت، حوصلے، قیادت اور ان کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہیں جو وہ اپنے خاندان، معاشرہ اور ملک کے لیے انجام دے رہی ہیں۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ تعلیم، صحت، عوامی خدمات، کاروبار، سائنس، فنون اور کھیل سمیت ہر شعبے میں پاکستانی خواتین کی محنت اور عزم ملک کی ترقی کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کی کامیابیاں پوری قوم کے لیے تحریک کا باعث ہیں اور مضبوط و خوشحال پاکستان کے قیام کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔

وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کے وژن کا مرکزی حصہ ہے۔ حکومت خواتین کے لیے مواقع میں اضافہ، تعلیم اور معاشی سرگرمیوں میں مساوی رسائی اور ایسا سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جہاں ہر خاتون اپنی مکمل صلاحیتوں کے ساتھ ملک کے مستقبل کی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.