شہباز شریف کی نواز شریف سے جاتی امرا میں ملاقات، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور رسد پر تبادلہ خیال
لاہور: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے جاتی امرا میں اہم ملاقات کی، جس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، طلب و رسد اور مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی، قیمتوں میں حالیہ اضافے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے ملکی معیشت پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
ذرائع کے مطابق گفتگو میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر آئندہ حکمت عملی اور متعلقہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔