یورپی ممالک کا پاکستانیوں کے لیے ورک پرمٹس جلد جاری کرنے پر اتفاق، وزیر داخلہ کی وزیراعظم کو بریفنگ

0

لاہور: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں یورپ میں ہونے والے اہم وزرائے داخلہ اجلاسوں میں پاکستان کی سفارتی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 وزیر داخلہ نے بتایا کہ انہوں نے روم، اٹلی میں منعقدہ چار ملکی وزرائے داخلہ اجلاس میں شرکت کی، جس میں پاکستان، اٹلی، اسپین اور یونان کے نمائندے شریک تھے۔

اسی طرح انہوں نے پولینڈ میں ہونے والے چھ فریقی وزرائے داخلہ اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں پولینڈ کے علاوہ لیٹویا، فن لینڈ، ایسٹونیا اور لیتھوانیا کے وزرائے داخلہ شامل تھے۔

وزیر داخلہ کے مطابق اجلاسوں میں شریک ممالک نے پاکستانی شہریوں کے لیے قانونی ورک پرمٹس کے جلد اجرا پر اتفاق کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یورپی ممالک کی جانب غیر قانونی طور پر سفر کرنے والوں کی تعداد میں گزشتہ ایک سال کے دوران 47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جسے انسانی اسمگلنگ کے خلاف پاکستان کے مؤثر اقدامات کا نتیجہ قرار دیا گیا۔

اجلاسوں میں پاکستان کی بارڈر مینجمنٹ اور امیگریشن سسٹم میں بہتری کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ یورپی یونین کو امیگریشن اور بارڈر سیکیورٹی کی مزید استعداد کار بڑھانے کے لیے جلد ایک جامع پلان پیش کیا جائے گا۔
سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزا سہولت
محسن نقوی نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ پولینڈ اور اٹلی پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا شرط ختم کرنے کے عمل کو حتمی شکل دے رہے ہیں، جس سے دونوں خطوں کے درمیان سرکاری سطح پر روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

ملاقات میں ملکی داخلی سلامتی اور مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ کی سفارتی اور انتظامی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت قانونی ہجرت کے فروغ اور غیر قانونی انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.