شہباز شریف کا محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ، سعودی عرب سے مکمل یکجہتی

0

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد وزیراعظم شہزاد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آلسعود سے ٹیلیفونک گفتگو میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے گفتگو کے دوران سعودی قیادت کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر مشکل مرحلے پر سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی مستقل اور مضبوط حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ حملوں اور اس کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بعض خلیجی ممالک کو نشانہ بنانے کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات پورے خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتے ہیں اور امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ پاکستان اس حساس وقت میں کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ رمضان المبارک کی برکتوں سے خطے میں جلد پائیدار امن اور ہم آہنگی قائم ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.