وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات ،پاک چین دوستی مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد: پاکستان میں تعینات عوامی جمہوریہ چین کے سفیر عزت مآب جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک چین ہمہ جہت تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ ترقی کے وژن پر استوار ہیں۔
وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سمیت چینی قیادت اور عوام کو نئے چینی سال کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین کی مسلسل حمایت پاکستان کے لیے باعثِ تقویت ہے۔
انہوں نے پاکستان کی معاشی بحالی، توانائی، انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی میں چین کے اہم کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو دوطرفہ تعاون کا مرکزی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور نئے شعبوں میں توسیع کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے بالخصوص زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، معدنیات اور خصوصی اقتصادی زونز میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں، منصوبوں اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور حکومت اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم کو دوطرفہ تعلقات کی حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور چینی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور ترقیاتی ایجنڈے کے لیے چین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں فریقین نے باہمی روابط اور اعلیٰ سطحی تبادلوں کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا تاکہ علاقائی امن و استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔