صدر مملکت کا آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی سالگرہ پر پیغام، دشمن کو دوٹوک انتباہ
اسلام آباد: آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں، اور ملک کی سرحدوں کی کسی بھی خلاف ورزی کا جواب فوری اور بھرپور دیا جائے گا۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی ساتویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 27 فروری 2019 کی بلااشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاکستان نے دنیا پر واضح کر دیا کہ قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ مشرقی سرحد پر کیا گیا، اسی عزم اور صلاحیت کا اظہار مغربی سرحد پر بھی کیا گیا ہے۔ مشرق ہو یا مغرب، پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کا جواب ایک جیسا، فوری اور مؤثر ہوگا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم امن کمزوری کا نام نہیں بلکہ طاقت کے ذمہ دارانہ اور متوازن استعمال سے قائم رہتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور وقار کے دفاع میں کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوگا۔
بیان میں افغانستان کی غیر نمائندہ حکومت اور ملک کے اندر غیر ملکی سرپرستی میں سرگرم شرپسند عناصر کے سرپرستوں کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر قسم کی جارحیت کے خلاف متحد ہے۔
انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانیوں اور ملک کے دفاع میں کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔