شہباز شریف اور قطر کے وزیرِ مملکت کی ملاقات، تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
دوحہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے وزیرِ مملکت برائے بیرونی تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے متعلقہ حکام پر مشتمل مشترکہ ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا جو پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس تجاویز کا جائزہ لے گی۔

منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔ ڈاکٹر احمد بن محمد السید پاکستان-قطر جوائنٹ بزنس ٹاسک فورس کے چیئرمین بھی ہیں۔
ملاقات میں دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پاک-قطر تعلقات میں تیزی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے باہمی تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قطر کے لیے پاکستان کی برآمدات، خصوصاً زرعی مصنوعات، اشیائے خورونوش اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کو متنوع بنایا جائے۔
دونوں فریقین نے پاکستان-قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے فالو اپ اور طے شدہ فیصلوں پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کار دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے اقتصادی تعاون میں مزید وسعت اور نجی شعبے کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے میں قطر کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر طے پایا کہ رمضان المبارک کے دوران ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے قابلِ عمل تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔