پنجاب سول سروسز پنشن رولز میں بڑی ترامیم، رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کیلئے نئی شرائط نافذ

0

راولپنڈی: حکومت پنجاب نے پنجاب سول سروسز پنشن رولز میں اہم ترامیم کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت رضاکارانہ اور جبری ریٹائرمنٹ سے متعلق قواعد میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ ترامیم پنجاب سول سرونٹس ایکٹ 1974 کے سیکشن 23 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے کی گئی ہیں اور ان کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ رول 3.5 اور رول 4.4 (1) میں ترمیم کی گئی ہے۔ نئی شقوں کے تحت اب رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کے لیے کم از کم 25 سالہ سروس یا 55 سال عمر، جو بھی بعد میں ہو، کی شرط لازمی ہوگی۔ اس سے قبل ملازمین 25 سالہ سروس مکمل کرنے پر ریٹائرمنٹ کے اہل ہو جاتے تھے، تاہم اب عمر کی حد بھی شامل کر دی گئی ہے۔

اسی طرح 20 سالہ سروس مکمل کرنے کے بعد جبری ریٹائرمنٹ (Compulsory Retirement) کو بھی رول 3.5 کے تابع کر دیا گیا ہے، جس سے اس عمل کو مزید قانونی اور ضابطہ کار کے تحت لایا گیا ہے۔

محکمہ خزانہ پنجاب کے سیکرٹری مجاہد شیر دل کے دستخطوں سے جاری اس حکم نامے کے بعد پنشن کے حصول کے طریقہ کار اور مدتِ ملازمت سے متعلق قواعد میں واضح تبدیلی آ گئی ہے۔

حکام کے مطابق ان ترامیم کا مقصد پنشن کے نظام کو مزید مربوط، شفاف اور مؤثر بنانا ہے تاکہ سرکاری اخراجات کو منظم انداز میں کنٹرول کیا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.