سعودی حکومت کی جانب سے بھجوائے گئے قرآن مجید کے نسخوں کی تقسیم
اسلام آباد: سعودی حکومت کی طرف سے بھیجے گئے اردو ترجمہ و تفسیر پر مشتمل قرآنِ مجید کے نسخوں کی مختلف مساجد میں تقسیم کی تقاریب منعقد کی گئیں۔
اس سلسلے میں اتوار کے روز وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور مستحقین میں قرآنِ پاک کے خوبصورت اور معیاری نسخے تقسیم کیے۔
تقریبات کا انعقاد مرکزی جامع مسجد عثمان غنی اور مرکزی جامع مسجد اہلحدیث میں کیا گیا، جہاں علاقے کی معزز شخصیات، جید علماء کرام اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے سعودی حکومت کے اس اقدام کو امتِ مسلمہ کے لیے قابلِ قدر تحفہ قرار دیا اور کہا کہ قرآنِ مجید کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی معاشرتی اصلاح اور دینی اقدار کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مضبوط برادرانہ تعلقات کا بھی ذکر کیا اور مذہبی و ثقافتی روابط کے فروغ کو خوش آئند قرار دیا۔
تقریب میں وزارتِ مذہبی امور حکومتِ پاکستان کی علماء و مشائخ کونسل کے کوآرڈینیٹر مولانا قاری محبوب الرحمٰن بھی شریک ہوئے۔
مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قرآنِ مجید کے پیغام کو عام کرنے اور نئی نسل کو دینی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لیے ایسی سرگرمیوں کا تسلسل جاری رکھا جائے گا۔