حج 2026: عازمین کو یکساں اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی، وزیر مذہبی امور

0

اسلام آباد: حج 2026 کے لیے منتخب کیے گئے 800 خدام الحجاج کی 10 روزہ تربیت مکمل کر لی گئی۔ حج کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں کامیاب امیدواروں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

تقریب میں وزارت مذہبی امور کے چیف مالیاتی افسر و کوآرڈنیٹر خدام الحجاج ذوالفقار خان، ڈائریکٹر حج کمپلیکس قاضی سمیع الرحمن اور دیگر افسران شریک تھے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت حج 2026 کے دوران عازمین کو کھانے پینے، رہائش اور ٹرانسپورٹ کی یکساں اور معیاری سہولیات فراہم کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ خدام الحجاج کو سعودی قوانین اور ضوابط کے مطابق مکمل تربیت دی گئی ہے تاکہ وہ ممکنہ چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹ سکیں۔

وزیر مذہبی امور نے کہا کہ تقریباً 38 ہزار امیدواروں میں سے 800 افراد کو خدمت کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جو ایک بڑا اعزاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حجاج کرام کی خدمت ایک عظیم سعادت ہے اور اسے عبادت کا درجہ حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کا حج انتظامات کے حوالے سے ریکارڈ قابلِ فخر رہا ہے۔ 2013 سے 2018 تک مسلسل پانچ سال کامیاب حج انتظامات کیے گئے جبکہ گزشتہ برس بہترین کارکردگی پر سعودی وزارتِ حج کی جانب سے اعزاز بھی ملا۔ اس سال خواتین عازمین کی سہولت کے لیے خواتین عملے کی تعداد 45 سے بڑھا کر 85 کر دی گئی ہے۔

اس موقع پر ذوالفقار خان نے کہا کہ خدام الحجاج کو جدید تربیتی ماڈلز کے ذریعے جامع تربیت دی گئی ہے اور دوسرے مرحلے میں خصوصی تربیت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ سعودی عرب پہنچتے ہی وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس مرتبہ ناظمین کو پاکستان سے ہی عازمین کے ساتھ روانہ کیا جائے گا اور وہ حج کے تمام مراحل میں ان کے ہمراہ رہیں گے۔

وزیر مذہبی امور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حج 2026 کا مشن مزید منظم اور فعال انداز میں انجام دیا جائے گا تاکہ پاکستانی عازمین کو ہر ممکن سہولت اور بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.