وزیرِ اعظم کی واشنگٹن میں عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں
واشنگٹن: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے واشنگٹن میں منعقدہ بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے سربراہان سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔
یہ ملاقاتیں خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئیں جن میں عالمی اور علاقائی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیرِ اعظم کی ملاقاتیں درج ذیل رہنماؤں سے ہوئیں:
حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ (فرمانروا بحرین)
الہام علیوف (صدر آذربائیجان)
شوکت مرزایوف (صدر ازبکستان)
قاسم جومارت توکایف (صدر قازقستان)
پرابوو سوبیانتو (صدر انڈونیشیا)
ملاقاتوں کے دوران رہنماؤں کے درمیان دوستانہ مصافحے اور معانقے ہوئے، مسکراہٹوں کا تبادلہ کیا گیا اور ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی گئی۔ گفتگو میں خطے کی صورتحال، عالمی امن، اور باہمی تعاون کے فروغ جیسے امور زیر بحث آئے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف امریکی صدر کی دعوت پر واشنگٹن میں منعقدہ بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کے لیے موجود ہیں۔ پاکستان کی اس فورم میں شرکت غزہ میں امن کے قیام، تعمیر نو کی حمایت، عالمی امن کے فروغ اور پاکستان کی متحرک سفارتی پالیسی کی عکاسی کرتی ہے۔
مزید برآں، اس موقع پر مختلف ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ روابط نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے عالمی کردار اور سفارتی کامیابیوں کو بھی نمایاں کیا۔