وزیرِ اعظم شہباز شریف کا آسٹریا کا دو روزہ سرکاری دورہ، ویانا روانہ
لاہور: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ویانا روانہ ہوگئے۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی پاکستانی وفد میں شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق، ویانا میں وزیرِ اعظم فیڈرل چانسلری میں آسٹرین چانسلر کرسچیئن اسٹاکر سے دوطرفہ اور وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنما سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے معروف کاروباری افراد کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

بعد ازاں وزیرِ اعظم پاکستان آسٹریا بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ اقوام متحدہ کے تحت منعقدہ "پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ” کے موضوع پر خصوصی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیرِ اعظم انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات بھی کریں گے۔
بیان کے مطابق، وزیرِ اعظم کا یہ سرکاری دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی جہتیں اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔