اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کا حزبِ اختلاف کے اعزاز میں عشائیہ
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی جانب سے حزبِ اختلاف کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق عشائیے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، مجلس وحدت المسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور سمیت متعدد اہم سیاسی شخصیات شریک ہوئیں۔
عشائیے کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی حکمتِ عملی، اپوزیشن کے باہمی تعاون اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شرکاء نے جمہوری اقدار کے فروغ، آئینی بالادستی اور پارلیمان کے کردار کو مؤثر بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں قومی و صوبائی اسمبلیوں میں اپوزیشن کے کردار کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی مفاد کے معاملات پر مشترکہ مؤقف اختیار کیا جائے گا اور عوامی مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔
سیاسی حلقوں کے مطابق یہ عشائیہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان روابط کو مستحکم بنانے اور آئندہ سیاسی حکمت عملی کو ہم آہنگ کرنے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔