صدر سے وزیرِ اعظم کی ملاقات ،ملکی صورتحال، حکومتی امور اور باہمی تعاون پر تبادلۂ خیال
اسلام آباد: آصف علی زرداری سے محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر اسلام آباد میں اہم ملاقات کی، جس میں ملکی مجموعی صورتحال، حکومتی امور اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال، پارلیمانی امور اور عوامی فلاح سے متعلق جاری حکومتی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور قومی مفاد میں مشترکہ حکمت عملی کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر احد خان چیمہ، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر توقیر حسین شاہ اور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
صدرِ مملکت کے ہمراہ سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمان اور ڈاکٹر عاصم حسین بھی شریک تھے۔
ملاقات کو موجودہ قومی منظرنامے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد حکومتی امور میں مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔