شہباز شریف کی طارق رحمان کو بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے پارلیمانی انتخابات میں بنگلہ دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کی شاندار کامیابی پر پارٹی رہنما طارق رحمان کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
جمعہ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر جاری اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم نے بنگلہ دیش کے عوام کو بھی عام انتخابات کے کامیاب اور پُرامن انعقاد پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کا تسلسل اور عوامی مینڈیٹ کا احترام خطے کے استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔
وزیرِ اعظم نے بنگلہ دیش کی نئی قیادت کے ساتھ قریبی اور مؤثر روابط استوار کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور ہمہ جہتی دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک جنوبی ایشیا اور اس سے باہر بھی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کریں گے۔