پاکستان اور ازبکستان کا دوطرفہ تجارت 5 سال میں 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ

0

اسلام آباد:پاکستان اور ازبکستان نے آئندہ پانچ سال کے دوران دوطرفہ تجارتی حجم دو ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کے فروغ کے لیے ایک جامع ایکشن پلان مرتب کرنے اور مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ پروٹوکول اور متعلقہ دستاویزات پر دستخط کر دیے گئے۔

یہ اتفاقِ رائے جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب کے دوران سامنے آیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دوطرفہ تجارت میں اضافے کا پروٹوکول دونوں ممالک کے معاشی تعاون میں ایک اہم پیش رفت اور سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سالہ منصوبے کے تحت تعاون کے نئے امکانات تلاش کیے جائیں گے جبکہ ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے سہ ماہی بنیادوں پر جائزہ اجلاس منعقد ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ علاقائی روابط کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور آئی ٹی، زراعت، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، لیدر، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قریبی روابط کے ذریعے تعاون کو عملی شکل دینا ہماری مشترکہ ترجیح ہے۔

شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف اور ان کے وفد کو اسلام آباد میں آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ازبک صدر کی قیادت میں خطے میں امن اور ترقی کے لیے کی جانے والی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کی جانب سے صدر مرزائیوف کو اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری اور پروفیسر شپ دیے جانے کو دونوں ممالک کے تعلیمی و ثقافتی تعلقات کی مضبوطی کا مظہر قرار دیا۔

وزیراعظم نے ازبک صدر کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشانِ پاکستان ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان اور ازبکستان کے مضبوط برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاریخی روابط سلک روٹ سے جڑے ہوئے ہیں جو مستقبل میں مزید مضبوط تعاون کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان غزہ امن بورڈ کے رکن ہیں جو غزہ میں امن کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے ایک اہم فورم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل کا حل خطے میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔

اس موقع پر ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے شاندار استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری، پروفیسر شپ اور نشانِ پاکستان ان کے لیے بڑے اعزاز کے ساتھ ایک ذمہ داری بھی ہیں۔

صدر مرزائیوف نے اعلان کیا کہ ازبکستان کی مائننگ یونیورسٹی میں نسٹ چیئر قائم کی جائے گی جبکہ تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کا قریبی دوست اور بااعتماد شراکت دار ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معاشی ترقی قابلِ تحسین ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر شوکت مرزائیوف نے دوطرفہ تجارت کے فروغ کے پروٹوکول اور مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے ایکشن پلان سے متعلق دستاویزات پر دستخط کیے جبکہ ریکٹر نسٹ نے ازبک صدر کو اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری اور پروفیسر شپ دینے کا اعلان کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.