قازقستان کے صدر دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے
راولپنڈی: قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
نور خان ایئر بیس پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صدر قاسم جومارت توکایووف کے طیارے سے باہر آتے ہی صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے ان سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے معزز مہمان کو پھول پیش کیے جبکہ دونوں ممالک کے قومی پرچم تھامے بچوں نے خیر مقدمی مناظر پیش کیے۔ صدر قاسم جومارت توکایووف نے ہاتھ ہلا کر استقبال کا جواب دیا۔ اس موقع پر قازقستان کے صدر کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
سرکاری دورے کے دوران صدر قاسم جومارت توکایووف صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔
ان ملاقاتوں میں پاکستان اور قازقستان کے مابین دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
صدر توکایووف پاکستان–قازقستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جہاں تجارت، سرمایہ کاری، لاجسٹکس، علاقائی رابطہ کاری اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے لیے باہمی تعلقات کا جامع جائزہ لینے، تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
قازقستان کے صدر کا دورہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی و اقتصادی روابط، تاریخی اور ثقافتی قربتوں کو عملی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے مشترکہ عزم اور خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔