قازقستان کے صدر کل سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے
اسلام آباد: قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کل منگل کو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
یہ ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جسے دونوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی، معاشی اور سفارتی تعلقات کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
صدر قاسم جومارت توکایف کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا، جس میں قازقستان کی کابینہ کے سینئر ارکان اور اعلیٰ سرکاری حکام شامل ہیں۔
دورے کے دوران صدرِ قازقستان صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
بیان کے مطابق صدر قاسم جومارت توکایف پاکستان–قازقستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جہاں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے پر غور کیا جائے گا۔ اس فورم میں دونوں ممالک کے نمایاں کاروباری رہنما اور سرمایہ کار شرکت کریں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور قازقستان کے مابین دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لینے، تعاون کے نئے امکانات کو دریافت کرنے اور بالخصوص تجارت، لاجسٹکس، علاقائی رابطہ کاری، عوامی روابط کے فروغ اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق صدر قازقستان کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس باہمی عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ تاریخی اور ثقافتی قربتوں کو مؤثر عملی تعاون میں تبدیل کیا جائے۔
یہ دورہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے لیے پاکستان اور قازقستان کی مشترکہ خواہش کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔