قازقستان کے صدر کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرتپاک استقبال
اسلام آباد:قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف بدھ کے روز وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان گرمجوش مصافحہ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔

وزیراعظم ہاؤس آمد پر قازقستان کے صدر کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

صدر قاسم جومارت توکایووف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا جبکہ اس موقع پر پاکستان اور قازقستان کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

تقریب کے دوران قازقستان کے صدر نے اپنے ہمراہ آئے ہوئے وفد کے ارکان کا وزیراعظم محمد شہباز شریف سے تعارف کرایا، جبکہ وزیراعظم نے کابینہ کے اراکین کو صدر قازقستان سے متعارف کرایا۔

بعدازاں صدر قاسم جومارت توکایووف نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں یادگاری پودا بھی لگایا، جو دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ دوستی اور تعاون کی علامت ہے۔