صدر زرداری کی محمد بن زاید سے ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق
ابوظہبی:صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا۔ اس موقع پر اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی بھرپور صلاحیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔

صدر آصف علی زرداری نے عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دورۂ پاکستان کی اہمیت کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرپا دوستی اور مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کا مظہر قرار دیا گیا۔

اس ملاقات میں خاتونِ اوّل و رکنِ قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر نے بھی شرکت کی۔