وزیرِ اعظم کا میانمار کے ساتھ تجارت، معیشت، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور

0

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے میانمار کے ساتھ تجارت ،معیشت، تعلیم، ثقافت، استعداد کار میں اضافے اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف سےمیانمار کے وزیر خارجہ یو تھان سوئے نےملاقات کی۔نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیرِ اعظم نے میانمار کے ساتھ دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے تجارت، معیشت، تعلیم، ثقافت، استعداد کار میں اضافے اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیرِ اعظم نے بالخصوص انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی میں میانمار کے تعاون اور آسیان میں پاکستان کی شمولیت کے لیے میانمار کی حمایت کو سراہا۔

میانمار کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور میانمار کی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے پیغامات پہنچائے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔

میانمار کے وزیر خارجہ نے گزشتہ سال 28 مارچ میں تباہ کن زلزلے کے بعد پاکستان کی بروقت امداد پر بھی وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.