صدر زرداری چار روزہ سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے
ابوظہبی: صدرِ مملکت آصف علی زرداری متحدہ عرب امارات کے چار روزہ سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے، جہاں ان کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔

زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پریذیڈنشل فلائٹ ٹرمنل پر متحدہ عرب امارات کے وزیرِ انصاف عبد اللہ بن سلطان بن عواد النعیمی نے صدرِ مملکت کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سفیرِ پاکستان شفقت علی خان بھی موجود تھے۔

خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی صدرِ مملکت کے ہمراہ ہیں۔
صدر آصف علی زرداری کا یہ سرکاری دورہ 29 جنوری 2026 تک جاری رہے گا، جس کے دوران وہ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ملاقاتوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ تجارت، اقتصادی شراکت داری، دفاع، سلامتی اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔