پنجاب میں رمضان نگہبان پیکیج کیلئے آن لائن رجسٹریشن ہو گی
راولپنڈی:پنجاب حکومت نے رمضان المبارک اور عید الفطر کی خوشیوں میں مستحق خاندانوں کو شریک کرنے کے لیے رمضان نگہبان پیکیج کے تحت مالی امداد فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس ضمن میں صوبہ بھر کے غریب، خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے والی فیملیز، متوسط طبقہ اور چھوٹے ملازمین کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
رمضان نگہبان پیکیج کے لیے حکومت پنجاب نے 30 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ اس سال یوٹیلیٹی اسٹورز اور ان کے ذریعے سستی اشیائے خورونوش کی فراہمی کا نظام ختم کر دیا گیا ہے جبکہ پنجاب بھر میں سستے رمضان بازار بھی قائم نہیں کیے جائیں گے۔ البتہ جہاں اتوار اور جمعہ بازار لگتے ہیں، وہاں دکاندار اپنی مدد آپ کے تحت سہولت بازار قائم کریں گے۔
پیکیج کے لیے رجسٹریشن کا عمل آن لائن پورٹل کے ذریعے جاری ہے، جبکہ شہری یونین کونسل دفاتر، میونسپل کارپوریشن اور بلدیہ کے تمام دفاتر میں بھی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔
جانچ پڑتال (اسکروٹنی) کے بعد اہل قرار پانے والے افراد کو بینک آف پنجاب کے اے ٹی ایم کارڈز جاری کیے جائیں گے، جن کے ذریعے وہ رمضان المبارک کے دوران مالی امداد وصول کر سکیں گے۔
رمضان نگہبان پیکیج کے نفاذ اور شفافیت کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنرز کریں گے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے رمضان نگہبان پیکیج پر عملدرآمد کے لیے آئندہ ہفتے ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان شریک ہوں گے۔