دس روز میں ایک ارب روپے کا اعزازیہ آئمہ مساجد تک پہنچ گیا

0

لاہور: حکومتِ پنجاب کے وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ پروگرام برائے آئمہ مساجد نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے صرف 10 روز میں ایک ارب روپے سے زائد کی رقم آئمہ مساجد تک پہنچا دی ہے۔

اس پروگرام کے تحت اب تک پنجاب بھر میں 68 ہزار سے زائد آئمہ مساجد نے رضا کارانہ طور پر رجسٹریشن کروا لی ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ آئمہ مساجد کو ماہانہ 25 ہزار روپے اعزازیہ کی ادائیگی کے لیے پنجاب بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز دفاتر میں خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک مجموعی طور پر 1 ارب 11 کروڑ روپے اعزازیہ کی مد میں ادا کیے جا چکے ہیں۔
سیکرٹری داخلہ کے مطابق حکومت پنجاب اس پروگرام کے تحت سالانہ 20 ارب روپے سے زائد رقم خرچ کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جنوری میں اعزازیہ کی ادائیگی بذریعہ پے آرڈر کی جا رہی ہے، جبکہ فروری سے آئمہ مساجد کو خصوصی اعزازیہ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کا آغاز کیا جائے گا۔

ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے مزید کہا کہ اعزازیہ کی فراہمی کے دوران امام مسجد صاحبان کی عزت و تکریم کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے، جبکہ ادائیگی کا نظام آسان، شفاف اور جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جو آئمہ مساجد تاحال اعزازیہ پروگرام کے لیے رجسٹریشن نہیں کروا سکے، ان کے لیے رجسٹریشن کا عمل بدستور جاری ہے، اور وہ رضا کارانہ طور پر اپنے قریبی اسسٹنٹ کمشنر آفس میں رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.