چترال میں برفانی تودہ گرنے کا واقعہ: چیئرمین سینیٹ کا اظہارِ افسوس،

0

اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ضلع چترال میں شدید برف باری کے باعث برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے سانحے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دلخراش واقعے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ایوانِ بالا اور وہ خود متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ برف باری سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں فوری طور پر مکمل کی جائیں اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے۔ انہوں نے شاہراہوں کی بحالی، بجلی اور مواصلاتی نظام کی درستگی، اور زخمیوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

چیئرمین سینیٹ نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور ایندھن کی مسلسل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
آخر میں چیئرمین سینیٹ نے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق افراد کی مغفرت، درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.