آئی ایم ایف مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان کی معاشی اصلاحات کی معترف
ڈیوؤس: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کی سنجیدہ کوششوں کے مثبت ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ڈیوؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے اہم اور مشکل فیصلے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت کو دل سے احترام کی نظر سے دیکھتی ہیں کیونکہ وہ ملک میں مثبت تبدیلی اور ترقی کے لیے غیر معمولی سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ان کی متعدد ملاقاتیں ہو چکی ہیں جن میں طے شدہ معاشی اہداف کے حصول اور آئندہ ترقیاتی اہداف پر تفصیلی گفتگو کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق وزیرِ اعظم جس کام کا عزم کر لیں، اسے مکمل کر کے ہی دم لیتے ہیں۔
کرسٹالینا جارجیوا نے وزیرِ اعظم اور ان کی کابینہ کی جانب سے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہتری کے لیے مشکل لیکن ضروری اصلاحات پر پیش رفت ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف ایک طویل عرصے سے پاکستان کے ساتھ مثبت شراکت داری کے تحت کام کر رہا ہے۔