یونین کونسل پچنند میں انسدادِ تجاوزات کی مؤثر کارروائی، تین کنال قیمتی سرکاری اراضی واگزار

0

لاوہ: راجہ عدیل :اسسٹنٹ کمشنر لاوہ سعید احمد کی قیادت میں یونین کونسل پچنند میں انسدادِ تجاوزات کے خلاف بھرپور اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سرکاری اراضی پر قائم تمام غیر قانونی قبضے ختم کروا دیے گئے، جس کے نتیجے میں تین (03) کنال قیمتی سرکاری زمین واگزار کرا لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر لاوہ سعید احمد نے موقع پر پہنچ کر تجاوزات کا خود معائنہ کیا اور ریونیو و بلدیاتی عملے کو فوری، مؤثر اور بلا تاخیر کارروائی کے احکامات جاری کیے۔

عملے نے مشینری اور نفری کی مدد سے غیر قانونی تعمیرات، باڑیں اور دیگر رکاوٹیں ہٹا کر سرکاری اراضی کو اس کی اصل حالت میں بحال کر دیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سعید احمد نے واضح کیا کہ سرکاری زمین عوامی مفاد کے لیے ہوتی ہے اور اس پر ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے متعلقہ عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ آئندہ تجاوزات کے امکانات کو روکنے کے لیے سرکاری اراضی کی مسلسل اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی غیر قانونی اقدام کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم بلا امتیاز جاری رہے گی اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

علاقہ مکینوں نے انتظامیہ کی اس بروقت، شفاف اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی عزم کے ساتھ سرکاری اراضی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.