شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے ڈیووس روانہ
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس روانہ ہو گئے ہیں۔
یہ دورہ 23 جنور تک جاری رہے گا۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی ہو گا،جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اقتصادی امور احد چیمہ، وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور دیگر سینئر حکام شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم کی اہم سفارتی اور اقتصادی مصروفیات متوقع ہیں۔ وہ مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت و حکومت اور بین الاقوامی تنظیموں کے قائدین سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی تعاون، سرمایہ کاری اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم کے دورے کا ایک اہم حصہ بزنس راؤنڈ ٹیبل اجلاس ہے، جس کا مشترکہ اہتمام حکومتِ پاکستان اور ورلڈ اکنامک فورم کر رہے ہیں۔ اس اجلاس میں عالمی سطح کی نمایاں کمپنیوں کے سربراہان شرکت کریں گے، جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے یا اپنی موجودہ سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
یہ دورہ عالمی اقتصادی فورم پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط بنانے میں اہم ثابت ہوگا۔