اسحاق ڈار 4 جنوری کو چین کا دورہ کریں گے
اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چین کے وزیرِ خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی پولیٹ بیورو کے رکن وانگ یی کی دعوت پر 4 جنوری کو بیجنگ کا دورہ کریں گے۔
دورے کے دوران وہ پاکستان–چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ ترین مشاورتی فورم ہے، جو دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور کا جامع جائزہ لینے کے لیے ایک منظم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
مکالمے کے دوران دونوں وزرائے خارجہ 2026 میں پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر مختلف اقدامات اور یادگاری سرگرمیوں کا اعلان بھی کریں گے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ اعلیٰ سطحی روابط کا اہم حصہ ہے اور آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ علاقائی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے باہمی وابستگی کا بھی اعادہ کیا جائے گا۔