پاکستان، ترکمانستان کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعاون مزید بڑھانے کے لیے پُرعزم

0

اشک آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان تاریخی، برادرانہ اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی تعاون اور روابط کو زمینی و سمندری راستوں کے ذریعے مزید وسعت دینا پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کے درمیان اشک آباد میں اہم دوطرفہ ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم نے ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی 30 ویں سالگرہ اور اقوام متحدہ کی جانب سے 2025 کو عالمی سال برائے امن و اعتماد قرار دینے پر ترکمان صدر کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور گوادر کی بندرگاہیں ترکمانستان سمیت وسط ایشیائی ممالک کے لیے شاندار تجارتی مواقع فراہم کرتی ہیں، جن سے فائدہ اٹھا کر خطے میں رابطہ کاری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے ایران–اسرائیل جنگ کے دوران پاکستانی شہریوں کے انخلاء میں ترکمان حکومت کے تعاون پر خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

وزیراعظم نے ترکمانستان کے عوام کے قومی رہنما گربنگولی بردی محمدوف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ترکمان صدر کو آئندہ برس پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

ترکمان صدر سردار بردی محمدوف نے وزیر اعظم کے دورۂ ترکمانستان اور امن و اعتماد کے عالمی فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکمانستان پاکستان کے ساتھ توانائی، تجارت، ٹرانزٹ، کنیکٹیویٹی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف عالمی سال برائے امن و اعتماد 2025، غیر جانبداری کے بین الاقوامی دن اور ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی 30 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے دو روزہ سرکاری دورے پر اشک آباد میں موجود ہیں۔

وفاقی وزراء سینیٹر اسحاق ڈار، اویس احمد خان لغاری، عطاء اللہ تارڑ اور اعلیٰ حکام بھی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.