وزیرِ اعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر اشک آباد پہنچ گئے
اشک آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر اشک آباد پہنچ گئے۔
اشک آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ترکمانستان کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور ٹرانسپورٹ و مواصلات کے سربراہ محمد خان چیکیئف نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم آج ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے اہم دو طرفہ ملاقات کریں گے، جس میں باہمی تعلقات، اقتصادی تعاون، توانائی اور علاقائی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر گفتگو متوقع ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کل اشک آباد میں منعقدہ فورم میں بھی شرکت کریں گے، جو بین الاقوامی سال برائے امن و اعتماد، عالمی دن برائے غیر جانبداری اور ترکمانستان کی تیس سالہ مستقل غیر جانبداری کی سالگرہ کے موقع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔