وزیرِ اعظم کا مراکش میں عمارتیں گرنے کے سانحے پر اظہارِ افسوس
اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مراکش کے شہر فیز میں دو رہائشی عمارتوں کے افسوسناک انہدام میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے “ایکس” پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اس المناک حادثے پر شدید رنج ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں، لواحقین اور زخمیوں کے لیے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں مراکش کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے ریسکیو ٹیموں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے جاری امدادی آپریشن کی کامیابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔