پاکستان، تیونس کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چوتھا دور مکمل

0

اسلام آباد: پاکستان اور تیونس کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چوتھا دور تیونس میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں شراکت داری کو نئی جہت دینے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (افریقہ) حامد اصغر خان نے کی، جبکہ تیونس کی نمائندگی ڈائریکٹر جنرل (ایشیا) سالیم گیرانی نے کی۔

مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے سیاسی مشاورت کے فروغ، اعلیٰ سطح کے دوروں کی بحالی، تجارت و سرمایہ کاری میں اضافے، دفاعی اور سیکورٹی تعاون کے استحکام، تعلیمی روابط اور عوامی تبادلوں کے فروغ سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

فریقین نے 2026 میں اسلام آباد میں ہونے والے 10ویں مشترکہ کمیشن کے اجلاس سے قبل اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مشاورت کے دوران مشرقِ وسطیٰ، فلسطین اور شمالی افریقہ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی اور دونوں ممالک نے باہمی ہم آہنگی کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔

تیونس میں قیام کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ حامد اصغر خان نے تیونس کے سیکرٹری خارجہ محمد بن عیید سے ملاقات بھی کی، جس میں باہمی تعلقات کے فروغ اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.