پاک چین تعلقات: 75 سالہ سفارتی سنگِ میل شایانِ شان انداز میں منانے کی تیاریاں

0

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے پر بات کی گئی۔

اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سیاسی، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

اس دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور چین کے 75 سالہ سفارتی تعلقات کے جشن کو شایانِ شان انداز میں منانا چاہیے تاکہ اس تاریخی سنگِ میل کی اہمیت اجاگر ہو اور دونوں ممالک کی دیرینہ شراکت داری کو مزید فروغ ملے۔

کمیٹی نے اس موقع پر مختلف تجاویز پیش کیں، جن میں ثقافتی تقریبات، مشترکہ سیمینارز، اور عوامی سطح پر تعلقات کو اجاگر کرنے کے لیے پروگرام شامل ہیں۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کے لیے جاری منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اور نئی سفارتی سرگرمیوں کے ذریعے عوامی رابطہ کاری کو بڑھایا جائے۔

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی تاریخی، مستحکم اور دور رس ہے، اور اس 75 سالہ شراکت داری کو منانے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی جان آئے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.