انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

0

اسلام آباد: انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو دو روزہ سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچ گئے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نورخان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ طیارے سے اترتے ہی صدر مملکت اور وزیراعظم نے انڈونیشیا کے صدر سے خوشگوار مصافحہ کیا۔

روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے صدر پرابووو سوبیانتو کو پھول پیش کیے اور دونوں ممالک کے پرچم تھام کر معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔ صدر کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

صدر پرابووو سوبیانتو کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ انڈونیشیا سے آخری صدارتی دورہ 2018 میں صدر جوکو ویدودو نے کیا تھا۔

یہ دورہ اس لحاظ سے بھی خاص اہمیت رکھتا ہے کہ اس سال دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

دورے کے دوران صدر پرابووو سوبیانتو وزیرِاعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے اور صدر مملکت سے بھی ملاقات کریں گے۔

مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی و عالمی سطح پر شراکت داری کو مضبوط بنانے پر بات ہوگی۔

پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات دیرینہ، خوشگوار اور باہمی مفادات پر مبنی ہیں۔

صدر پرابووو سوبیانتو کا یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہم مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دینے کا اہم موقع فراہم کرے گا، جو دونوں ممالک کی شراکت داری کے مسلسل فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.