شہباز شریف کا ملائیشین ہم منصب سے رابطہ، قدرتی آفت پر اظہارِ یکجہتی

0

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور حالیہ قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے پاکستان کی عوام اور حکومت کی جانب سے سمندری طوفان کے باعث ہونے والی شدید بارشوں، سیلاب اور بھاری تودے گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصان پر دلی تعزیت کی۔ انہوں نے جان بحق افراد کے اہلِ خانہ سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل گھڑی میں ملائیشین عوام کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملائیشین حکومت کو جس نوعیت کی معاونت درکار ہو، پاکستان فراہم کرے گا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے اظہارِ ہمدردی پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کی جانب سے تعاون اور خیرسگالی کے جذبات دونوں ممالک کے گہرے اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.