ایازصادق کی فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ائیر چیف ظہیر بابر سدھو کو مبارکباد
اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف آف آرمی اسٹاف اور ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تقرری نہ صرف مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ قومی سطح پر ایک مثبت پیش رفت بھی ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے بھارت کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو ان کی جرات، بہادری اور قائدانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، جبکہ عالمی سطح پر بھی ان کی سربراہی میں پاکستان کی مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی حیثیت سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تینوں مسلح افواج کے مابین ہم آہنگی اور مشترکہ حکمت عملی کو مزید مضبوط بنائیں گے، جس سے دفاعی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئے گی۔ سپیکر کے مطابق دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کی مؤثر کارروائیاں بھی فیلڈ مارشل کی پیشہ ورانہ قیادت کا ثبوت ہیں۔
سردار ایاز صادق نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف ظہیر بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں توسیع پر بھی انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ظہیر بابر سدھو کی کمان میں پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا اور دنیا بھر میں پاکستان کی فضائی قوت کی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں اعلیٰ عسکری قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔