پاکستان اور کرغزستان کے درمیان 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط
اسلام آباد: پاکستان اور کرغزستان نے تجارت، معیشت، زراعت، توانائی، تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لیے 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کر دیے ہیں۔
یہ تاریخی موقع وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کے درمیان مذاکرات کے بعد منعقدہ خصوصی تقریب میں سامنے آیا، جس میں دونوں رہنما بھی موجود تھے۔
مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں کے تحت اہم شعبوں میں تعاون کے لیے فریقین کے وزرا نے دستخط کیے، جن میں شامل ہیں:
فارین سروس اکیڈمی اور کرغزستان کی ڈپلومیٹک اکیڈمی کے درمیان تعاون
وزارتِ تجارت پاکستان اور کرغزستان کی وزارتِ معیشت و تجارت کے درمیان تجارتی تعاون
مائننگ اور جیو سائنسز میں تعاون
توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون
بندرگاہوں اور لاجسٹک رابطوں میں تعاون
زرعی شعبے میں تعاون
سزا یافتہ افراد کے تبادلے کے لیے معاہدہ
کسٹمز کے درمیان الیکٹرانک ڈیٹا کے تبادلے کی مفاہمت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم 200 ملین ڈالر تک بڑھایا جائے گا اور کرغزستان کو کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ثقافت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو بھی بڑھایا جائے گا۔
صدر صادر ژپاروف نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں کرغزستان کا دوست اور بااعتماد شراکت دار ہے اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
ملاقات میں چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔