کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
اسلام آباد: کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ نور خان ایئربیس پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
استقبالیہ تقریب میں وفاقی کابینہ کے ارکان، اعلیٰ سرکاری حکام اور روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے بھی شرکت کی۔ بچوں نے کرغزستان کے صدر کو پھول پیش کیے جبکہ دونوں ملکوں کے پرچم تھامے بچوں نے مہمانِ خصوصی کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر صدر صادر ژپاروف کا 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ شاندار استقبال کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان کے صدر سے بغلگیر ہو کر اور مصافحہ کرتے ہوئے خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی کیا۔
اپنے قیام کے دوران، کرغزستان کے صدر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ علاوہ ازیں وہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جہاں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کے فروغ پر بات چیت متوقع ہے۔
صدر صادر ژپاروف کے ہمراہ اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔