وزیر اعظم شہباز شریف کا ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگرد حملے کی مذمت
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔
وزیر اعظم نے حملے میں شہید ہونے والے 3 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور شہداء کی بلندی درجات کے لیے دعائے مغفرت کے ساتھ اہل خانہ کے صبر کی دعا بھی کی۔
انہوں نے زخمی ہونے والے اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیوں کو پورا ملک خراج تحسین پیش کرتا ہے اور واقعے کے ذمہ داران کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔