نکہ کہوٹ: ملک فلک شیر اعوان کا فیلڈ ہسپتال کا دورہ
تلہ گنگ: رکن صوبائی اسمبلی ملک فلک شیر اعوان نے نکہ کہوٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر قائم کیے گئے فیلڈ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ فیلڈ ہسپتال کا مقصد مقامی آبادی کو گھر کے قریب معیاری اور فوری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
دورے کے دوران انتظامیہ اور میڈیکل ٹیم نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیلڈ ہسپتال میں میڈیسن، لیبارٹری ٹیسٹ، ڈاکٹرز کنسلٹیشن اور بنیادی علاج کی تمام سہولیات بلا تعطل فراہم کی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق آج صبح سے اب تک 100 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا ہے، جنہیں ضرورت کے مطابق ادویات اور لیب ٹیسٹ فراہم کیے گئے۔
عوام نے فیلڈ ہسپتال کے قیام کو وزیراعلیٰ مریم نواز کا قابل تعریف اور عوام دوست اقدام قرار دیا۔
ملک فلک شیر اعوان نے مختلف سیکشنز کا جائزہ لیتے ہوئے عملے کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ فیلڈ ہسپتال جیسے اقدامات صحت کے شعبے میں جاری انقلابی اصلاحات کا حصہ ہیں، جن کے مثبت اثرات براہِ راست عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے نکہ کہوٹ اور گردونواح کے رہائشیوں کو دور دراز سفر کے بغیر مقامی سطح پر علاج کی سہولت میسر آئی ہے، جس سے وقت اور اخراجات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
آخر میں انہوں نے یقین دلایا کہ اپنے حلقے میں صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے اور انتظامیہ کو ذمہ داری کے ساتھ خدمات کا معیار مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔