تلہ گنگ: سی سی ڈی پولیس کی کارروائی میں خطرناک اشتہاری ہلاک

0

تلہ گنگ: کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پولیس چکوال اور سی سی ڈی چکلالہ نے پنوال روڈ پر مشترکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں خطرناک اشتہاری حفیظ احمد عرف جہانگیر ولد محرم خان کو ہلاک کر دیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزم تھانہ لاوہ کے بدفعلی کے مقدمے میں اشتہاری تھا۔ ملزم نے اسی مقدمے کے متاثرہ نوجوان محمد علی صفیان ولد باز گل کو تھانہ چکلالہ کی حدود میں قتل کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق، 18 مارچ 2025 کو تھانہ لاوہ میں ملزم کے خلاف نوجوان محمد علی کی مدعیت میں بدفعلی کی کوشش، نازیبا ویڈیوز بنانے اور بلیک میل کرنے کے الزامات پر مقدمہ درج ہوا۔ 13 جون 2025 کو ملزم نے راولپنڈی میں دو سے تین مسلح ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کر دیا۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق، ہلاک ملزم پر 2018 میں کمسن لڑکے کے ساتھ اجتماعی زیادتی، ناجائز اسلحہ رکھنے، لڑائی جھگڑوں اور دیگر جرائم کے مقدمات بھی درج تھے۔

سی سی ڈی چکوال اور سی سی ڈی چکلالہ کی ٹیموں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو روکنے کی کوشش کی، جس پر اس نے مسلح مزاحمت کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں وہ ہلاک ہوا اور جائے وقوعہ سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.